پاکستان کے زیرِ انتظام ریاست جموں کشمیر میں جاری عوامی حقوق کی تحریک کو مسلح گروہوں کے ساتھ جوڑنے، اسے بدنام کرنے اور ممکنہ ریاستی جارحیت کے لیے جواز فراہم کرنے کی کوششوں کا ایک تشویش ناک سلسلہ سامنے آ رہا ہے۔ واقعات کی ترتیب، مسلح کرداروں کی اچانک سرگرمیاں اور ان کے ریاستی اداروں سے مبینہ روابط اس پورے معاملے کو محض اتفاق قرار دینے کی گنجائش نہیں چھوڑتے۔
چند روز قبل اسلام آباد میں منعقد ہونے والی ایک کانفرنس میں کالعدم تنظیم جیش محمد کے رہنما مسعود الیاس کی شرکت اور ان کے خطاب نے کئی اہم سوالات کھڑے کیے۔ مسعود الیاس نے خود اپنے خطاب میں دعویٰ کیا کہ ان کی پاکستانی حکومتی اور انٹیلی جنس حکام سے ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ انہوں نے راولاکوٹ میں جیش محمد کے مسلح نیٹ ورک اور مرکز کی موجودگی کا بھی اعتراف کیا۔ ان کے بیان کے مطابق پاکستانی انٹیلی جنس حکام نے انہیں مبینہ طور پر ایسے افراد کی فہرست بھی فراہم کی جو راولاکوٹ میں جاری عوامی تحریک سے وابستہ ہیں۔
یہاں یہ امر بھی قابلِ توجہ ہے کہ جیش محمد کوئی غیر معروف یا نئی تنظیم نہیں۔ اسے امریکہ نے 26 دسمبر 2001 کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا، اقوام متحدہ نے 17 اکتوبر 2001 کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا اور پاکستان نے بھی 2002 میں اس پر پابندی عائد کی۔ اس کے باوجود اس تنظیم سے وابستہ ایک رہنما کا اسلام آباد میں سیاسی اجتماع سے خطاب کرنا اور حکومتی و انٹیلی جنس حکام سے ملاقاتوں کا دعویٰ کرنا ریاستی پالیسی اور عملی طرزِ عمل کے درمیان ایک بڑا تضاد سامنے لاتا ہے۔
اس واقعے کے چند ہی روز بعد غازی شہزاد کو مسلح افراد کے ساتھ کھڑا کرکے ایک ویڈیو پیغام سامنے لایا جاتا ہے۔ غازی شہزاد کا گزشتہ ساڑھے تین سال کا کردار، راولاکوٹ جیل توڑنے کا واقعہ، قیدی خیام کی شہادت، افغانستان منتقلی اور پھر اچانک دوبارہ سرگرم ہونا پہلے ہی کئی سوالات کو جنم دے رہا تھا۔ اب مسلح افراد کے ساتھ اس کی ویڈیو نے اس معاملے کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔
یہ تمام واقعات ایک ہی سلسلے کی کڑیاں دکھائی دیتے ہیں۔ اسلام آباد میں کالعدم تنظیم کے رہنما کی حکومتی اور انٹیلی جنس حلقوں تک رسائی کے دعوے، راولاکوٹ میں اس تنظیم کے مسلح نیٹ ورک کی موجودگی کا اعتراف اور پھر مقامی مسلح کرداروں کی اچانک تشہیر، یہ سب پاکستانی ایجنسیوں کے کردار اور ان کی سرپرستی میں سرگرم پراکسی نیٹ ورکس کے حوالے سے براہِ راست سوالات اٹھاتے ہیں۔ یہ بھی واضح ہوتا ہے کہ ان مسلح عناصر کو عوامی حقوق کی تحریک کے مقابل کھڑا کرنے اور خطے میں تشدد کا ماحول پیدا کرنے کے پیچھے پاکستانی ایجنسیوں کا کردار ہے۔
رانا ثناء اللہ خان کا قومی اسمبلی میں یہ اعتراف کہ ''ہم نے انہیں تیار کیا تھا اور اب وہ ہمارے خلاف ہو گئے ہیں'' اسی ریاستی طرزِ عمل کی ایک مثال ہے۔
یہ کوئی نئی حکمت عملی نہیں۔ پاکستان میں مخصوص مقاصد کے لیے مسلح گروہ تیار کرنے، انہیں سرپرستی فراہم کرنے اور پھر ضرورت کے مطابق استعمال کرنے کی تاریخ موجود ہے۔ رانا ثناء اللہ خان کا قومی اسمبلی میں یہ اعتراف کہ ’’ہم نے انہیں تیار کیا تھا اور اب وہ ہمارے خلاف ہو گئے ہیں‘‘ اسی ریاستی طرزِ عمل کی ایک مثال ہے۔ پہلے اس پالیسی کے اثرات بھارتی مقبوضہ جموں کشمیر میں دیکھنے کو ملتے رہے، اب پاکستان کے زیرِ انتظام ریاست جموں کشمیر کے شہریوں کو بھی ایسے مسلح نیٹ ورکس اور ان کی مبینہ سرپرستی کے نتائج بھگتنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
اصل حقیقت یہ ہے کہ جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی تحریک کا ان مسلح گروہوں، مبینہ جہادی تنظیموں، خفیہ اداروں کے نیٹ ورکس یا بندوق بردار عناصر سے کوئی تعلق نہیں۔ یہ مکمل طور پر عوامی بنیادی حقوق کی تحریک ہے۔ بجلی، آٹا، تعلیم، صحت، وسائل پر اختیار، سیاسی آزادی اور عوامی حکمرانی اس کے بنیادی مطالبات ہیں۔ کشمیری عوام اپنی سیاسی جدوجہد میں مسلح گروہوں کی دراندازی، پراکسی سیاست اور بندوق کے ذریعے اثرانداز ہونے کے ہمیشہ مخالف رہے ہیں۔
جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی غازی شہزاد اور اس جیسے تمام مسلح کرداروں کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے۔ یہ عناصر عوامی حقوق کی تحریک کے نمائندے نہیں بلکہ اس کے بنیادی سیاسی تشخص اور پُرامن جدوجہد سے متصادم ہیں۔ انہیں تحریک کا نام استعمال کرنے، اس کی نمائندگی کا دعویٰ کرنے یا اس کے خلاف کسی مسلح بیانیے کو فروغ دینے کا کوئی حق حاصل نہیں۔
پاکستانی ایجنسیوں کے لیے بھی یہ حقیقت سمجھنا ضروری ہے کہ پاکستان کے زیرِ انتظام ریاست جموں کشمیر کے عوام اب سیاسی طور پر بیدار ہو چکے ہیں۔ انہیں نہ مسلح گروہوں کے ذریعے خوف زدہ کیا جا سکتا ہے، نہ پراکسی کرداروں کے ذریعے ان کی تحریک کو یرغمال بنایا جا سکتا ہے اور نہ ہی تشدد کا ماحول پیدا کرکے ان کے جائز مطالبات کو دبایا جا سکتا ہے۔
عوام اپنے بنیادی حقوق کے لیے اٹھے ہیں، کسی مسلح گروہ کے ایجنڈے کے لیے نہیں۔ یہ تحریک نہ جیش محمد کی ہے، نہ غازی شہزاد کی اور نہ کسی خفیہ ادارے کی پراکسی۔ یہ عوام کی اپنی تحریک ہے، جس کی بنیاد سیاسی شعور، اجتماعی قوت اور پُرامن جدوجہد ہے۔ اس عوامی تحریک کے خلاف مسلح کرداروں کی صف بندی اور ریاستی طاقت کے استعمال کے لیے جواز سازی کی ہر کوشش کو بے نقاب کرنا ہوگا۔

تبصرے (0)