مواد پر جائیں

آزاد کشمیر

سردار نئیر ایوب خان — اقتدار کے بغیر عوام کے دلوں پر حکمرانی کرنے والا شخص

سردار نئیر ایوب خان اقتدار کے بغیر دلوں پر راج کرنے والے بااصول رہنما تھے۔ ان کی سیاست کا محور بے لوث عوامی خدمت اور نظریاتی وابستگی تھی۔ ان کی یادگار زندگی کی تفصیلات پڑھیے۔

خلاصہ

سردار نئیر ایوب خان اقتدار کے بغیر دلوں پر راج کرنے والے بااصول رہنما تھے۔ ان کی سیاست کا محور بے لوث عوامی خدمت اور نظریاتی وابستگی تھی۔ ان کی یادگار زندگی کی تفصیلات پڑھیے۔

Summary in English

Sardar Nayyar Ayub Khan was a principled leader who ruled hearts without holding power. His politics centered on selfless public service and ideological commitment. Read the details of his memorable life.

سردار نئیر ایوب خان — اقتدار کے بغیر عوام کے دلوں پر حکمرانی کرنے والا شخص

سیاست کی دنیا میں کامیابی کا پیمانہ عموماً انتخابی فتوحات، اقتدار، وزارتوں اور بڑے عہدوں کو سمجھا جاتا ہے، لیکن بعض شخصیات اپنے کردار سے کامیابی کے ان تمام پیمانوں کو بے معنی کر دیتی ہیں۔ وہ کسی ایوان تک رسائی حاصل کیے بغیر بھی عوام کے دلوں میں ایسی جگہ بنا لیتی ہیں جہاں سے انہیں کوئی انتخابی شکست بے دخل نہیں کر سکتی۔ سردار نئیر ایوب خان مرحوم کی سیاسی زندگی میرے نزدیک اسی حقیقت کی عکاس تھی۔

ان کے انتقال کی خبر محض ایک افسوسناک خبر نہیں تھی، بلکہ ایک ایسے تعلق کے ٹوٹ جانے کا احساس تھا جس کی بنیاد سیاسی وابستگی سے کہیں زیادہ انسانی محبت اور باہمی احترام پر قائم تھی۔

سیاست میں اکثر رہنماؤں کو کارکنان کی ضرورت انتخابات، جلسوں اور سیاسی تحریکوں کے دوران محسوس ہوتی ہے، لیکن ایک کارکن کی ذاتی زندگی میں آنے والی مشکلات، اس کی پریشانیوں اور آزمائشوں میں اس کے ساتھ کھڑے ہونے والے لوگ کم ہی ملتے ہیں۔ سردار نئیر ایوب کی شخصیت کا نمایاں پہلو یہی تھا کہ ان کے نزدیک کارکن محض سیاسی قوت نہیں بلکہ ایک جیتا جاگتا انسان تھا، جس کے اپنے مسائل، احساسات اور ضروریات تھیں۔

دن ہو یا رات، حالات سازگار ہوں یا ناسازگار، کسی ضرورت مند کی پکار پر لبیک کہنا ان کی شخصیت کا خاصہ تھا۔ میرے مشاہدے میں ان کی سیاست کا اصل میدان عوام کے درمیان تھا۔ شاید یہی وجہ تھی کہ ان سے سیاسی اختلاف رکھنے والے لوگ بھی ان کے انسانی کردار کا احترام کرتے تھے۔

سردار نئیر ایوب کی گفتگو میں ایک خاص قسم کی بے ساختگی تھی۔ وہ اپنے مؤقف کے اظہار کے لیے بناوٹی الفاظ اور سیاسی مصلحتوں کا سہارا نہیں لیتے تھے۔ جو محسوس کرتے، اسے بیان کرنے کا حوصلہ رکھتے تھے۔ ان سے اختلاف کیا جا سکتا تھا، ان کے سیاسی فیصلوں پر بحث بھی کی جا سکتی تھی، لیکن اپنے مؤقف پر قائم رہنے کی ان کی صلاحیت میرے لیے ہمیشہ قابلِ احترام رہی۔

مجھے سردار خالد ابراہیم خان مرحوم کی صحبت میں رہنے کا موقع میسر نہیں آیا، مگر ان کی سیاسی زندگی کے بارے میں جب بھی لوگوں سے سنا، اصول پسندی، سیاسی دیانت داری اور خودداری کا ذکر نمایاں پایا۔ سردار نئیر ایوب کی شخصیت میں مجھے انہی روایات کی ایک خوبصورت جھلک محسوس ہوتی تھی۔ دونوں کی سیاسی وابستگیاں مختلف تھیں، لیکن اپنے اصولوں کے ساتھ کھڑے رہنے کا جذبہ ایک مشترکہ قدر دکھائی دیتا تھا۔

جہاں تک عمران خان سے ان کی سیاسی وابستگی کا تعلق ہے، میرے مشاہدے میں انہوں نے اس وابستگی کو اقتدار کے حصول کا ذریعہ نہیں بلکہ ایک نظریاتی عہد سمجھا۔ سیاسی حالات ان کے لیے سازگار رہے ہوں یا ناسازگار، انہوں نے اپنی آخری سانس تک اپنے منتخب کردہ سیاسی راستے کو ترک نہیں کیا۔

تاہم ان کی شخصیت کو صرف ایک سیاسی جماعت کے دائرے میں دیکھنا ان کے وسیع انسانی کردار کے ساتھ انصاف نہیں ہوگا۔

راولاکوٹ سے ان کی محبت ان کی شخصیت کا ایک نہایت حساس پہلو تھا۔ گزشتہ عرصے میں شہر جن مشکل حالات سے گزرا، اس کا دکھ ان کی گفتگو میں بار بار محسوس ہوتا تھا۔ وہ اپنے شہر کی رونقوں، امن، بھائی چارے اور معمولاتِ زندگی کی بحالی کے خواہش مند تھے۔ شہر کے حالات کا ذکر کرتے ہوئے ان کے الفاظ میں محض ایک سیاست دان کی تشویش نہیں بلکہ ایک ایسے شخص کا درد محسوس ہوتا تھا جس کا دل اپنی دھرتی کے ساتھ دھڑکتا ہو۔

کتنی عجیب اور دردناک بات ہے کہ جو شخص اپنے شہر کے حالات پر ہر وقت فکرمند رہتا تھا، آج وہی شہر اس کی جدائی کے غم میں ڈوبا ہوا ہے۔

شخصیات کا متبادل تلاش کیا جا سکتا ہے، لیکن کردار کا متبادل پیدا کرنا آسان نہیں ہوتا۔

راولپنڈی کے بحریہ ٹاؤن میں ان کی پہلی نمازِ جنازہ کے موقع پر ایک غیرمعمولی منظر دیکھنے کو ملا۔ بھمبر سے تاؤبٹ تک آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں سے ہزاروں افراد، سیاسی و سماجی شخصیات، کارکنان اور عام شہری انہیں الوداع کہنے پہنچے۔ وہاں سیاسی اختلافات کی دیواریں دکھائی نہیں دے رہی تھیں۔ ہر شخص اپنے انداز میں ایک بچھڑنے والے انسان کو آخری سلام پیش کرنے آیا تھا۔

لیکن آج ان کے آبائی شہر راولاکوٹ کے خان اشرف خان اسٹیڈیم میں ادا کی جانے والی دوسری نمازِ جنازہ کا منظر اس سے بھی زیادہ جذباتی تھا۔

راولاکوٹ شہر لاک ڈاؤن کی کیفیت سے دوچار ہے، معمولاتِ زندگی متاثر ہیں اور آمدورفت میں مشکلات ہیں۔ ان تمام دشواریوں کے باوجود ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کا اپنے محبوب سیاسی و سماجی رہنما کو آخری الوداع کہنے کے لیے خان اشرف خان اسٹیڈیم پہنچنا ایک غیرمعمولی منظر تھا۔

شہر کی رونقیں ماند تھیں، مگر اپنے ایک بیٹے کو الوداع کہنے کے لیے لوگوں کے دلوں میں محبت کا سمندر موجزن تھا۔

جس شخص کو اپنی زندگی کے آخری ایام میں راولاکوٹ کی ویرانی کا غم ستاتا رہا، آج اسی شخص کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے ہزاروں لوگ جمع تھے۔ تقدیر کی اس ستم ظریفی پر دل بے اختیار اداس ہو جاتا ہے۔

کاش سردار نئیر ایوب اپنی زندگی میں اپنے شہر کو دوبارہ اسی محبت، یکجہتی اور بھائی چارے کے ساتھ دیکھ پاتے جس کا مظاہرہ آج ان کی نمازِ جنازہ میں ہوا۔

راولپنڈی سے راولاکوٹ تک دونوں نمازِ جنازہ میں عوام کی بھرپور شرکت نے مجھے ایک مرتبہ پھر سوچنے پر مجبور کیا کہ انسان کی حقیقی کامیابی آخر کیا ہے؟ کیا وہ اقتدار ہے جس کی مدت مقرر ہوتی ہے، یا وہ محبت ہے جس کا اظہار انسان کی دنیا سے رخصتی کے بعد بھی جاری رہتا ہے؟

سردار نئیر ایوب کبھی قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب نہیں ہوئے، لیکن ان کے دونوں جنازوں میں شریک ہزاروں لوگوں کو دیکھ کر مجھے محسوس ہوا کہ عوامی قبولیت کا فیصلہ ہمیشہ ووٹوں کی گنتی سے نہیں ہوتا۔ بعض فیصلے لوگوں کے دلوں میں محفوظ ہوتے ہیں، جن کا اظہار وقت آنے پر کسی انتخابی نتیجے سے کہیں مختلف انداز میں ہوتا ہے۔

ان کی رحلت کے بعد اصل سوال یہ نہیں کہ ان کی سیاسی جگہ کون لے گا، بلکہ یہ ہے کہ کارکنان کے ساتھ ان کا تعلق، عام آدمی کے لیے ان کی دستیابی، سیاسی اختلاف میں ان کی جرأت اور اپنی دھرتی کے لیے ان کا احساس کون آگے لے کر چلے گا؟

شخصیات کا متبادل تلاش کیا جا سکتا ہے، لیکن کردار کا متبادل پیدا کرنا آسان نہیں ہوتا۔

ان کی زندگی ہمارے سیاسی اور سماجی حلقوں کے لیے غور و فکر کا ایک موقع بھی ہے۔ سیاست کو محض اقتدار کی جدوجہد تک محدود کرنے کے بجائے لوگوں کے دکھ درد میں شریک ہونا، ان کی عزتِ نفس کا خیال رکھنا اور مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہونا ہی وہ سرمایہ ہے جو انسان کے دنیا سے چلے جانے کے بعد بھی باقی رہتا ہے۔

آج سردار نئیر ایوب ہمارے درمیان نہیں، لیکن ان سے وابستہ یادیں، ان کی بے ساختہ گفتگو، ان کی سیاسی محفلیں اور راولاکوٹ کے لیے ان کی فکرمندی مدتوں ہمارے ذہنوں میں زندہ رہے گی۔

شاید آنے والے وقت میں راولاکوٹ کی رونقیں بحال ہو جائیں، بازار دوبارہ آباد ہو جائیں، سیاسی حالات بدل جائیں اور شہر ایک مرتبہ پھر اپنی روایتی زندگی کی طرف لوٹ آئے۔ مگر اس شہر کی خوشیوں اور رونقوں کی بحالی کا خواب دیکھنے والا سردار نئیر ایوب اس منظر کو دیکھنے کے لیے ہمارے درمیان نہیں ہوگا۔

جب راولاکوٹ دوبارہ مسکرائے گا تو اس کی مسکراہٹ میں ایک ایسے شخص کی کمی ضرور محسوس ہوگی جو اس شہر کے دکھ پر ہمیشہ افسردہ رہتا تھا۔

اور یہی احساس ان کی جدائی کے دکھ کو مزید گہرا کر دیتا ہے۔

الوداع سردار نئیر ایوب خان!

آپ اپنے آبائی شہر کی مٹی میں ابدی آرام کے لیے جا رہے ہیں، مگر آپ سے وابستہ یادیں، محبتیں اور آپ کے کردار کے نقوش لوگوں کے دلوں میں باقی رہیں گے۔

اللہ رب العزت آپ کی کامل مغفرت فرمائے، آپ کی لغزشوں سے درگزر فرمائے، آپ کی عوامی خدمات کو شرفِ قبولیت بخشے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

آمین ثم آمین۔

تبصرے (0)

تبصرہ کریں